یہ 2017ء کے آخری ماہ کی سات تاریخ تھی اور پہلی جمعرات۔۔ دل صبح سے ہی مضطرب تھا۔۔ ایک عجیب سا دھڑکا لگا تھا۔۔ میں موبائل دیکھتے دیکھتے سلسلہ نقشبندیہ اویسیہ کے آفیشل پیج پہ جا پہنچا۔۔ حضرت جی مولانا محمد اکرم اعوانؒ کا تین تاریخ کا بیان اپلوڈ کیا گیا تھا۔۔ میں سننے بیٹھ گیا۔۔ بیان کیا تھا، بس پیغام تھا۔۔ کچھ بھی ہو جائے، کیسا بھی حال آئے، ہر لمحے دامانِ رسالت سے وابستہ رہنے کی نصیحت تھی۔۔ گویا اپنی زبان کو درود پاک کے تسلسل سے معطر رکھنے اور بدن کو مجسمِ درود بنانے کی وصیت تھی۔۔ میری چھٹی حس نے وسوسہ پیدا کیا کہ شاید یہ حضرت جیؒ کا آخری بیان ہو۔۔ حضرت جیؒ نے ایک نعرے کی صورت پیغام دیا؛
فجاء محمد سراجاََ منیرا
فصلوا علیہ کثیراََ کثیرا ---- ﷺ
شام تک حضرت جیؒ کا خیال ذہن میں مسلسل مزین رہا۔۔ عشاء کی نماز پڑھی، چائے بنائی اور بستر پہ بیٹھا پی رہا تھا کہ کال پہ خبر ملی؛ "حضرت جی وصال فرما گئے ہیں"۔۔ بیساختہ میرے منہ سے "انا للہ وانا الیہ راجعون" جاری ہو گیا۔۔ یہ خبر نہیں کوئی برچھی تھی جس نے سیدھا دل پہ چوٹ کی اور زخمی زخمی کر گئی۔۔ چائے ادھوری پڑی رہ گئی۔۔ بلا تاخیر دوست کو کال کی، اڈے پہ پہنچا اور سیدھا دارُالعرفان کیلئے روانہ ہو گیا۔۔ ایک بے یقینی کی کیفیت تھی اور دل مانے نہیں دے رہا تھا کہ حضرت جیؒ ہم سے جدا ہو چلے ہیں۔۔ راستے میں ایک بھکاری کو دیکھا جو کسی کار والے سے بھیک ملنے کی آس میں زمین پر ماتھا ٹکائے اسے باقاعدہ سجدہ کر رہا تھا۔۔ اب دل نے مان لیا کہ ہم ایک شیخِ کاملؒ کی بابرکت ذات سے محروم ہو چکے ہیں۔۔!!
چودہ گھنٹے کا سفر نجانے کیسے کٹا اور ہم سارا راستہ حضرت جیؒ کے بیانات سنتے سنتے دارالعرفان منارہ جا اترے۔۔ فضا میں رنجیدگی پھیلی ہوئی تھی۔۔ ہر آنکھ اشکبار تھی اور کوئی دل ایسا نہ تھا جو رو نہ رہا ہو۔۔ لوگ لوگوں سے لپٹ لپٹ کر خود کو تسلیاں دیتے اور دل پر سے دُکھ کا بوجھ اتارنے کی ناکام کوششیں کرتے نظر آئے۔۔ ہر قدم بوجھل تھا اور ہر سینہ درد سے بھرا ہوا۔۔ ہر چہرہ آنسوؤں سے تر تھا مگر ان آنسوؤں میں کہیں شکوہ نہ تھا۔۔ ہر قلب مضطر تھا مگر خدا کی رضا پہ مکمل راضی۔۔ میں پنڈال میں داخل ہوا۔۔ سامنے بھائی جان عبدالقدیر اعوان بیٹھے تھے جو احباب کی تسلیاں لینے کی بجائے ان میں تسلیاں بانٹ رہے تھے۔۔ عجیب بندہِ خدا ہیں۔۔ وقار کا قلزم اور استقلال کا ہمالیہ ہیں۔۔ میں حیران تھا کہ انہوں نے اپنے سینے میں دبے کرب کو چہرے پر ظاہر ہونے سے کس قدر جوانمردی سے روک رکھا ہے۔۔ میں نمناک آنکھوں سے انہیں ملنے پہنچا۔۔ انہوں نے دلاسہ دینے کے انداز میں مسکراتے ہوئے کہا "شاہ جی کیا حال ہے؟"۔۔ میں لڑکھڑاتی آواز سے صرف "انا للہ" ہی کہہ سکا اور بھاری قدموں آگے بڑھ گیا۔۔ ہزاروں لوگ وفات کی اطلاع پا کر دارالعرفان کی سمت جوق در جوق کھنچے چلے آ رہے تھے۔۔!
نماز جمعہ سے پہلے بھائی جان نے مسجد میں خطاب فرمانا تھا، حالانکہ ایسے موقعے پر بولنا تک دشوار ہوتا ہے۔۔ بھائی جان منبر پر بیٹھے تو ماحول میں گھٹی گھٹی سسکیوں کی آوازیں پھیل گئیں۔۔ یہ وہ لمحات تھے جب ہم حضرت جیؒ کو آتے اور منبر پر بیٹھے دیکھا کرتے تھے۔۔ برداشت اپنی حدیں پھلانگنے کو بیقرار تھی۔۔ دل سینے سے اُچھل کر نکلنے کی آزادی مانگ رہا تھا۔۔ مگر دائرہِ شریعت کے سامنے سبھی بے بس تھے۔۔ قلوب مطمئن مگر غمزدہ تھے، لیکن ہاتھوں کو چاکِ گریباں کی اجازت نہ تھی۔۔ چاہئے تھا کہ گریہ و فغاں سے آسمان سر پہ اٹھا لیا جاتا،، مگر ادب نے یہ جرات نہ کرنے دی۔۔ بیان شروع ہوا تو ہولے ہولے قرار آتا گیا۔۔ بیچ بیچ میں کبھی صبر دامن چھڑانے لگتا تھا۔۔ ہجر کی کیفیات میں وصالِ محبوب کی باتیں ہوتی رہیں،، گزرے لمحوں کی یاد سے دلوں کو سہلایا جاتا رہا۔۔ بھائی جان نے ایک ساتھی سے کہا کہ حضرت جیؒ کی وہ نعت سنائیں جو انہوں نے دربارِ نبویﷺ میں حاضری کی سعادت کے موقع پر کہی تھی۔۔ جب وہ اس پہ شعر پہ پہنچے؛
؎ چند کرنوں کو تو دل میں اتر جانا ہے
میں چلا جاؤں گا سیمابؔ مجھے جانا ہے
تو ضبط کے سارے بندھن ٹوٹ گئے۔۔ بھائی جان سمیت ہر ساتھی کی پلکیں آنسوؤں میں بھیگ گئیں۔۔!
جمعہ کے بعد سب احباب نمازِ جنازہ ادا کرنے کو باہر کھلے میدان میں پہنچنے لگے اور انتہائی مترتب انداز سے صفوں میں کھڑے ہوتے گئے۔۔ لوگوں کا ایک ہجوم تھا، مگر تہذیب آشنا تھا۔۔ دور دور تک جمِ غفیر تھا مگر بدنظمی کہیں نظر نہ آئی۔۔ یہ اُس تربیت کی مختصر سی جھلک تھی جو رہبرِ طریقتؒ نے تمام عمر تعلیم فرمائی تھی۔۔ ایک منظم جماعت اپنے جرّی کمانڈر کو انتہائی خوبصورتی اور شائستگی سے الوداع کر رہی تھی۔۔ آپؒ دلوں کے حکمران تھے۔۔ آپؒ تمام زندگی بندگانِ خدا کے قلوب کو محبتِ الہٰی اور محبتِ پیغمبرﷺ کی لذت سے آشنائی دیتے رہے اور آج ہمیں غمِ جدائی دے چلے تھے۔۔ ذکراللہ کے انوارات و تجلیات ہوں،، نبی کریم ﷺ کے فیوضات و برکات ہوں،، قلب و روح کی کیفیات ہوں،، یا راہِ سلوک و تصوف کے مقامات ہوں،، ان سب سے آپؒ کی مشفقانہ توجہات کی بدولت جتنے لوگ اِس دور میں بہرہ وَر ہوئے، خیرُالقرون کے بعد اسکی مثال نہیں مل سکتی۔۔ حضرت جیؒ تو اپنی منزلِ اعلیٰ پہ پہنچ چکے، لیکن برکاتِ نبوت کے امین اہلُ اللہ کے یہ قافلے کبھی رُکا نہیں کرتے۔۔ برزخ کیا، یہ جنت میں بھی بلند سے بلندتر ہوتے چلے جاتے ہیں۔۔ اللہ اب بھی وہی ہے، محمدﷺ آج بھی رسولِ برحق ہیں تو استفادہ کیلئے دروازے اِسوقت بھی بند نہیں ہوئے۔۔ تقسیم اب بھی جاری ہے مگر کوئی سائل بھی تو ہو۔۔!
اب آخری دیدار کا موقع آ چکا تھا۔۔ لوگ ایک قطار میں قرینے سے چلتے چلتے مرشدِ کامل کی زیارت کررہے تھے۔۔ میری باری آگئی۔۔ میں نے دیکھا تو آسمانِ حیرت پہ جا پہنچا۔۔ لوگ کہتے ہیں کہ فلاں میت کا چہرہ کِھلا ہوا تھا،، فلاں کا چہرہ تازہ تھا،، فلاں کا چہرہ مسکراتا ہوا تھا۔۔ میں نے دیکھا کہ میرے شیخ عین اُسی انداز میں کھلکھلا کے ہنس رہے تھے جیسے وہ اپنی خوشگوار زندگی میں مترنم مسکان سے ہنسا کرتے تھے۔۔ جی ہاں! یہ بے انتہا کٹھن راستے سے گزر کر منزلِ مقصود پہ بخیریت پہنچ جانے کا اعلان تھا۔۔ یہ جیت کی خوشی کا اظہار تھا۔۔ یہ سلامتئ ایمان اور مضبوطئ کردار کیساتھ حضورِ حق میں سرخروئی کا مژدہ تھا۔۔ یہ خدا کی خوشنودی پا لینے کی بشارت تھی۔۔ یہ "وانتم الاعلون اِن كنتم مؤمنين" کا نغمہِ جانفزا تھا۔۔ یہ "بل أحياء عند ربهم يُرزقون" اور "فرحين بما اٰتاهم الله من فضلہ ويستبشرون بالذين لم يلحقوا بهم" کی تفسیرِ مبین تھی۔۔!
حضرت جیؒ کے جسدِ عالی کو سپردِ خاک کرنے کے بعد سلسلہ عالیہ کے احباب مسجد میں جمع ہوگئے جہاں شیخ المکرم مولانا امیر عبدالقدیر اعوان مدظلہ العالی کے دستِ اقدس پر تجدیدِ بیعت ہوئی۔۔ سب نے حضرت جیؒ کے اُس مشن کو آگے بڑھانے کا مصمم عزم کیا جس پر حضرت جیؒ تاحیات سختی اور جانفشانی سے کاربند رہتے ہوئے بارگاہِ ایزدی میں حاضر ہو گئے۔۔ خدا رحمت کند ایں عاشقانِ پاک طینت را۔۔!!
سلسلہ نقشبندیہ اویسیہ میں گدی نشینی کا کوئی تصور ہے اور نہ گنجائش۔۔ یہاں کے فیصلے قابلیت، محنت، صلاحیت اور استعداد کو پرکھنے پر طے ہوتے ہیں،، پھر چاہے ان صلاحیتوں پر کوئی نسبی اولاد پوری اترے یا روحانی اولاد۔۔ یہ خدائی تقسیم ہے۔۔ یہی صلاحیتیں دیکھتے ہوئے حضرت جیؒ نے اپنی زندگی میں ہی صاحبزادہ عبدالقدیر اعوان مدظلہ العالی کو سلسلہ عالیہ کی تمام ذمہ داریاں سونپ دی تھیں جنہیں وہ اوّل روز سے بےحد احسن اطوار سے نبھا رہے ہیں۔۔ اللہ کریم میرے شیخ المکرم مدظلہ العالی کو اس راہِ حق پہ استقامت دیں اور ہمیں اس نعم البدل کی حقیقی قدر کرنے کی توفیق بخشیں۔۔ آمین یا رب العٰلمین۔۔!!
۔
بقلم: محمد نعمان بخاری
0 comments:
آپ بھی اپنا تبصرہ تحریر کریں
اہم اطلاع :- غیر متعلق,غیر اخلاقی اور ذاتیات پر مبنی تبصرہ سے پرہیز کیجئے, مصنف ایسا تبصرہ حذف کرنے کا حق رکھتا ہے نیز مصنف کا مبصر کی رائے سے متفق ہونا ضروری نہیں۔اگر آپ کے کمپوٹر میں اردو کی بورڈ انسٹال نہیں ہے تو اردو میں تبصرہ کرنے کے لیے ذیل کے اردو ایڈیٹر میں تبصرہ لکھ کر اسے تبصروں کے خانے میں کاپی پیسٹ کرکے شائع کردیں۔