Thursday, July 2, 2015

کیا تصوف بدعت ہے؟

1- تصوف کے سلاسل و اشغال وغیرہ پر یہ اعتراض کرنا کہ یہ سلف صالحین سے ثابت نہیں۔
تو اس بابت صرف یہ عرض ہے کہ سلف صالحین تو ایک طرف دین کے کسی مقصود کو حاصل کرنے کے لئے کوئی ذرائع اگر صحابہ نے بھی اختیار نہ کئے ہوں یہ بھی انہیں اختیار نہ کرنے کی کوئی شرعی دلیل نہیں۔ یہ اعتراض اس غلط اصول پر مبنی ہے کہ 'جو کام صحابہ نے نہیں کیا وہ غلط و محدث ہوتا ہے'۔ پہلے تو خود اس اصول کی شرعی دلیل درکار ہے۔ صحابہ کا کسی کام کو کرنا یقینا اسکے جائز ہونے کی ایک دلیل ہے، مگر صحابہ کا کسی کام کو نہ کرنا اسکے عدم جواز کی دلیل ہے، یہ خود ایک ایسا اصول ہے جسکا ذکر اصول فقہ کی کتابوں میں نہیں ملتا۔
اصولیین نے 'عمل و قول صحابی کے ہونے' کو یقینا ایک شرعی ماخذ کے طور پر ذکر کیا ہے، لیکن 'عدم قول و فعل صحابی' بھی ایک شرعی ماخذ ہے یہ بالکل انوکھی منطق ہے؛ گویا عدم (حکم شرعی کا نہ ہونا) بھی ایک وجود (حکم شرعی کا ہونا، یعنی نہی) ہے، فیاللعجب۔

2- جو لوگ کہتے ہیں کہ صوفیاء نے قرآن و سنت کو چھوڑ کر تزکئے کے طریقے وضع کئے لہذا یہ سب بدعت ہے،، ان پر واجب ہے کہ نماز کی طرح قرآن و سنت سے 'تزکئے کا وہ معین و منصوص طریقہ' واضح کریں جسکی پابندی شارع نے فرض نماز کی رکعتوں کی طرح اس طور پر لازم قرار دی ہو کہ اسکے علاوہ کسی دوسرے طریقے و ذریعے کی طرف التفات بھی گناہ ہو۔
اگر شارع علیہ السلام کی طرف سے ایسا کوئی معین طریقہ طے نہیں کردیا گیا تو پھر صوفیاء کے اختیار کردہ ذرائع کو بدعت قرار دینے والے درحقیقت خود بدعت کے فتوے کی زد میں ہیں کہ یہ شارع علیہ السلام کی طرف ایک ایسی بات و حکم کی نسبت کررہے ہیں جسکی ماخذات دین میں کوئی اصل نہیں؛ اور اصل بدعت اسی چیز کا نام ہے۔
(زاہد مغل)
ــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــ

کمنٹس
ــــــــــ

حافظ محمد زبیر: اس سے بڑی کوئی گمراہی نہیں ہے کہ پروردگار نے تزکیہ نفس کے لیے اپنی کتاب میں کوئی منہج نہیں دیا،،، جب مثنوی معنوی سے وہ احوال پیدا کیے جائیں جو صحابہ کے ہاں قرآن سے پیدا ہوتے تھے تو ایسی سوچ تو پیدا ہو گی۔ ایسے سائل کو یہی کہا جا سکتا ہے کہ عربی اچھی ہے تو قرآن مجید پڑھ لیں، اب اس سے زیادہ تزکیہ نفس کے لیے کیا چاہیے؟

زاہد مغل: برادر، یہ کس نے کہا کہ قرآن میں تزکئے سے متعلق کوئی مواد نہیں؟ سوال تو یہ ھے کہ کیا اللہ نے کوئی ایسا فکسڈ پروگرام مرتب کرکے دیا ہے جیسا کہ پوسٹ میں کہا گیا؟ یہ سوال بالکل یوں بھی ہے کہ تعلیم کے لئے بھی قرآن نازل کیا گیا لیکن کیا تعلیم کا کوئی "فکسڈ نصاب" مقرر کرکے دیا کہ اسکے علاوہ کچھ اور پڑھنا پڑھانا ناجائز ہو؟ اگر قرآنی مقاصد کے حصول کے لئے تعلیم کے میدان میں نجانے دنیا کے کن کن ماخذات سے نکلنے والے علوم کو پڑھنا پڑھانا جائز ھے تو تزکیے کے میدان میں یہ دروازہ کس نے بند کیا؟

عاصم بخشی: زاہد بھائی گزارش یہ ہے کہ یہ بحث اس لئے طول پکڑ رہی ہے کہ آپ بہت زیادہ عمومیت سے کام لے رہے ہیں اور تنقید کا حق سرے سے دینے پر ہی مائل نہیں ہیں، جب کہ میں جانتا ہوں کہ آپ شاید خود بھی کسی خاص حیثیت میں تصوف کے نقاد ہوں۔ سب جانتے ہیں کہ تصوف اصطلاحات کا ایک متوازی نظام قائم کرتا ہے اور یہ اس کی طریقت کا حصہ ہے اور اس کا حصول ایک مقصد کے طور پر جاری و ساری ہے۔ اب ظاہر ہے کہ کچھ لوگ اگر خطیرۃ القدس اور قیومیت اور خاتم الاولیاء وغیرہ پر قرآنی نصوص کی مدد سے انگلی اٹھائیں گے تو آپ کو ان کو یہ حق دے کر بات ختم کر دینی چاہئے۔ یہ میری رائے ہے کوئی بحث مقصود نہیں۔

زاہد مغل: عاصم بھائی: اس سلسلہء پوسٹ کا مقصد تصوف پر کسی کے حق تنقید کو ضبط کرنا نہیں بلکہ تصوف بحیثیت مجموعی کے بارے میں غلط العام اشکالات و اعتراضات کے حوالے سے ذہن صاف کرنا ہے۔ رہا اسکی کسی معین شے پر علمی طور پر اعتراض کرنا،، تو اسے کون ختم کرسکتا ھے؟ جن چیزوں کی طرف آپ نے اشارہ کیا (مثلا قطب ابدال جیسے درجات اور انکے تکوینی وظائف وغیرہ) ان چیزوں پر خود مجھے بھی ابھی پوری طرح شرح صدر نہیں ھوسکا کہ انکا درست محل کیا ھے، غور و فکر اور احباب سے اس پر ڈسکشن جاری ہے۔ فی الوقت تو اسی نتیجے پرپہنچا ہوں کہ یہ انکے دائرہ کار کے اندر کی چیزیں ہیں جن پر اندر کا بندہ (صوفی) ہی شاید کچھ کہنے کی پوزیشن میں ہوسکتا ہے۔ البتہ ایک بات طے ھے کہ ان چیزوں کو ماننا کوئی شرعی تقاضا نہیں، نیز میرے خیال میں خود صوفیاء کی طرف سے بھی باہر والوں سے ایسا کوئی تقاضا نہیں۔

Labels:

عقائد کا ماخذ

اگر کسی اہل علم کی تحقیق کے مطابق کسی صوفی بزرگ (مثلا ابنِ عربی) کی کتاب میں درج کوئی تصور قرآن و سنت کی نصوص کے خلاف ہے تو وہ اسے رد کردے، اور چاہے تو اسے گمراہ سمجھے، اس میں پریشانی و مسئلے کی بات کیا ہے؟ آخر یہ بات کس نے کہی ہے کہ تصوف عقائد اخذ کرنے کا قرآن و سنت سے ماوراء ایک ماخذ و ذریعہ ہے؟ عقیدہ تو قرآن و سنت ہی سے اخذ کیا جاتا ہے، جو بات اسکے خلاف ہو چاہے وہ کوئی صوفی کہے، متکلم یا اصولی بہرحال غلط ہوتی ہے۔ پوری اسلامی تاریخ میں اہل علم اسی اصول کی بنا پر فیصلے کرتے آئے ہیں۔ کیا ابن عربی کو ماضی میں کافر و گمراہ سمجھنے والے اہل علم کی کمی تھی کہ آج ہمیں بتانے کی کوشش کی جارہی ہے کہ انکی کتب میں غلط باتیں ہیں؟
مسئلہ تب پیدا ہوتا ہے جب اپنے اس "تحقیقی حق" کے ساتھ دوسرے اہل علم کے اس علمی حق کو تسلیم کرنے سے انکار کیا جائے کہ اگر انکے نزدیک ایسے کسی تصور کا درست معنی و تاویل موجود ہے تو وہ اسے درست سمجھیں۔ کیا ابن عربی کو کفر کے ان تمام فتووں کے باوجود شیخ الاکبر سمجھنے والے اہل علم کی بھی کمی رہی ہے؟ الغرض یہ بات سمجھ سے بالا تر ہے کہ آخر ان جزوی تفصیلات میں اختلاف سے بذات خود تصوف کیسے غلط ثابت ہو جاتا ہے؟
(زاہد مغل)
ـــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــ

کمنٹس
-------

اسرار احمد خان: پر تصوف کے علم کے بارے میں ایک صوفی صاب بتا رہے تھے یہ قرآن و سنت سے الگ ایک علم ہے میری یا کسی حضرت کی پیروی کرو بخشے جاؤ گے۔

زاہد مغل: بھائی آپ کسی راہ چلتے کی بات پر کیوں یقین کرتے ہیں؟ ایسے تو پتہ نھیں کتنے مولوی ھیں جو الٹے سیدھے احکامات بتاتے پھرتے ہیں۔

اسرار احمد خان: آپ کی تصوف کی تعریف یعنی احسان اور دین کی روح سے انکار ممکن نہیں۔ لیکن اس کا پریکٹیکلی وجود ہے کدھر؟ سارا تصوف تو درباروں, میلوں, دھمالوں میں گھوم رہا ہے مشرف بھی صوفی تھا اور ق لیگ والوں نے جو صوفی ڈانس ارینج کیا تھا وہ بھی دیکھا ہو گا - تصوف کو درست کرنا بال میں سے دودھ نکالنے والی بات ہے۔

محمد مبین افضل: داعش والے السلام کے نام  پرجو کر رہے ہیں کیا اسے اسلام مان لیا جائے؟؟ یا جو امریکہ امن قائم کرنے کے لیے کر رہا ھے اسے امن مان لیا جائے؟؟؟ کیا ہوگیا ہے، کیسی باتیں کرتے ہیں۔

Labels:

سائنسی علوم بھی ذریعہء معرفت ہیں

فزکس، بیالوجی و کیمسٹری جیسے سائنسی علوم کی معلومات اگر قرآنی آیات کی نت نئی تشریحات کرکے ایمان میں تقویت کا باعث بن سکتی ہیں ۔۔۔۔۔۔۔ اور آج کے دور میں اس مقصد کے لئے ہزاروں لاکھوں کتابیں و مقالے ضبط تحریر میں لائے جاسکتے ہیں ۔۔۔۔۔۔۔ تو بھائی کسی یوگی سے سیکھا ہوا کوئی ہنر خشوع و خضوع بڑھانے کا باعث بن کر ایمان کیوں نہیں بڑھا سکتا؟ کیا یہ فزکس، بیالوجی و کیمسٹری صحابہ کرام کی ایجادات ہیں؟
کائنات کی عظیم وسعتوں کا بذریعہ فزکس مطالعہ کرنے والا شخص اس علم کی بدولت خدا کی خدائی و کبریائی کا عارف بن کر جس طور ہیبت ذدہ ہوسکتا ہے وہ شاید فزکس سے انجان شخص کے لئے ممکن نہیں کہ اس نے اس وسعت کا مشاہدہ کیا ہی نہیں۔ حساب کے پیچیدہ اصولوں کی مدد سے کائنات پر غور و فکر کرنے والا "ھل تری من فطور" کا جو مشاہدہ کرسکتا ہے وہ حساب سے انجان شخص کے لئے ہرگز ممکن نہیں۔ اگر ان علوم کے ذریعے خدا کی معرفت کے ایسے دریچے کھلنا ممکن ہیں تو آخر ایک گروہ کے اس دعوے کو ماننے میں کونسا استحالہ لاحق ہے کہ وہ ایک ایسے علم سے واقف ہیں جو چند ایسی حقیقتوں سے پردے اٹھا سکتا ہے جو اس علم سے ناواقفوں پر مخفی رہتی ہیں؟ آخر کونسی شرعی و عقلی دلیل اس دعوے کا انکار کرنا لازم ٹھہراتی ہے؟
(زاہد مغل)
ـــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــ

کمنٹس
-------

محمد بن مالک: سائنسی علوم کائنات کا جو مشاہدہ کرواتے ہیں وہ کائناتی حقائق پر مبنی ہوتے ہیں جو دوسروں کو دکھائے بھی جا سکتے ہیں اور سمجھائے بھی جا سکتے ہیں۔ سائنسی مشاہدات میں لوگوں کے درمیان علم کا فرق تو ہو سکتا ہے لیکن یہ علوم بعض دوسرے نام نہاد علوم (مانند تصوف) کی طرح سری، خفی یا باطنی نہیں ہوتے جن میں ایک کا مشاہدہ دوسرے کو پیش آنا ضروری نہیں ہوتا اورنہ حجت ہوتا ہے۔ جبکہ سائنس میں جب کسی کے اوپر کوئی ایک چیز ثابت ہوجاتی ہے تو وہ اسے بہ آسانی سے کے سامنے ثابت کر سکتا ہے۔ لیکن تصوف کی محیر العقول مکاشفات و کرامات تو کسی طلسم ہوشربائی داستان سے کم نہیں ہوتیں جن کی بنیاد میں کوئی ایسا اصول پنہاں نہیں ہوتا جس کی مدد سے ان مکاشفات و کرامات کو پرکھا جا سکے۔ اب اگر کوئی شخص کشف و کرامت کے نام پر محض بڑ ہانک دے تو باقی سب لوگ اسے تسلیم کرنا تصوف پر ایمان کا تقاضا سمجھیں گے۔ لیکن سائنس میں ایسی بیوقوفیوں کا گزر نہیں۔ وہاں ہر ہر چیز کے وقوع کے کچھ بنیادی اصول ہیں جن کی رو سے سائنسی مشاہدات کو سمجھایا بھی جا سکتا ہے اور ثابت بھی کیا جا سکتا ہے۔
تصوف کو ثابت کرنے کے لیے اگر ہو سکے تو کوئی معقول بات بھی پیش کرنے کی کوشش کیجیے گا!

زاہد مغل: سائنس کے بارے میں جو کچھ آپ نے اوپر لکھا ہے وہ محض آپ کی خام خیالی ہے کہ سائنس میں ایسے عام طور پر ہوجاتا ہے۔ نیز آپ نے جو کچھ لکھا ھے وہ سرے سے کوئی دلیل ہی نہیں کہ چونکہ مجھے ایسا ہوتا دکھائی نہیں دے رہا تو میں نھیں مانوں گا۔ آپ حضرات کی یہ باتیں ثابت کرتی ھیں کہ صوفیاء کے ان دعوؤں کو رد کرنے کے لئے آپ حضرات کے پاس نہ کوئی شرعی دلیل ھے اور نہ ہی عقلی۔

محمد بن مالک: بہت خوب۔ البتہ جو شخص تصوف کے نام پہ بے سروپا باتیں پھیلا رہا ہے، اس کا ایسا کرنا ضرور اس بات کی دلیل ہے کہ ایسا واقعی ہو تا ہے!!

زاہد مغل: جی، باکردار و سچے لوگوں کی ایک فوج اگر ایک علم اور اسکے نتائج کا دعوی کررھی ہے تو کیونکر یہ مانا جائے کہ وہ گپ لگا رھی ھے؟ اس کے برعکس ایک شخص جو بغیر دلیل صرف انکار کرنے کی ضد کررھا ھے کیوں نہ فرض کرلیا جائے کہ کم فھمی کی بنا پر ایسا کررھا ھے؟ غزالی گپ رلگا رھے ہیں، اس سے یہ ماننا بھت آسان ھے کہ بغیر دلیل کے ناقد کو سمجھ نہیں۔

محمد بن مالک: جی اور متدین اور متقی علماء کی ایک بڑی تعداد ہے جنہوں نے اس "فوج" کا سخت تعاقب کیا ہے، اور ان کے اوہام و شبہات کا شریعت کے دلائل کی روشنی میں رد کیا ہے۔

 زاہد مغل: تو بھائی دونوں طرف جب متدین اور متقی ھی کھڑے ھیں تو مسئلہ کیا ھے؟ نیز یہ جس رد کا ذکر کیا جارھا ہے وہ بھی بغیر دلیل کے ایسا ہی تھا کہ یہ ہمارے ساتھ کیوں نہیں ہوتا۔

محمد بن مالک: جی اگر غزالی کی گپ کو سبھی نے ٹھنڈے پیٹوں قبول کر رکھا ہوتا تو واقعی یہ ماننا آسان تھا۔ لیکن اگر ابن تیمیہ جیسے ناقد میں سمجھ نہیں تھی تو خود غزالی میں سمجھ کیسے آ گئی تھی؟

زاہد مغل: ابن تیمیہ تو خود بایزید بسطامی کے زبردست معترف تھے
ھمارے خیال میں ابن تیمیہ نے آپ ھی کی طرح ضد کی تھی، بغیر دلیل :)
ابن تیمیہ کو غلط فرض کرنا میرے لئے غزالی کی نسبت آسان ہے۔ یہ تو اپنی اپنی اجتہادی چوائس ہے جناب، یہ کوئی نص کا مسئلہ تو نہیں۔ کوئی نص خلاف ہے تو لائیے۔ اور جس طرح آپ اس سب کے خلاف نص پیش کرنے سے عاجز ہیں ابن تیمیہ بھی اسی طرح عاجز تھے۔

محمد بن مالک: مسئلہ یہ ہے کہ اہلِ تصوف اپنی بے سروپا باتوں کا تعلق اسلام سے جوڑتے ہیں۔ اگر وہ ایسا نہ کریں تو ہمیں کوئی تکلیف نہ ہو۔ آخر ہندو اور عیسائی بھی تو اپنی بے سروپا باتوں کا تعلق اسلام سے نہیں جوڑ رہے ہوتے!!

زاہد مغل: اب اس موضوع پر مزید گفتگو تب ھوگی جب آپ کوئی نص پیش کریں گے اس کے خلاف۔

محمد بن مالک: نص سے آپ کی مراد شاید یہ ہوتی ہے کہ آپ کو قرآن میں لکھا ہوا دکھا دیا جائے کہ تصوف حرام ہے!! 

زاہد مغل: تو آپ بھی تو ایسی ہی نص مانگ رہے ھوتے ہیں کہ دکھاؤ کہاں لکھا ہے کہ تصوف جائز ہے۔
اپنا استدلال پلٹ کر خود اپنے سامنے آیا تو اتنا عجیب کیوں محسوس ھوا ؟؟

محمد بن مالک: اور ابنِ عربی و دیگر وحدت الوجودیوں کی قرآن میں نام لے کر گمراہی جب تک واضح نہ کی گئی ہو، وہ گمراہ کیسے ہو سکتے ہیں!

زاہد مغل: چلیں اس لفاظی سے کچھ حاصل نہ ھوگا، آپ جاری رکھنا چاھتے ہیں تو ضرور رکھیں

محمد بن مالک: اگر آپ یہ سمجھ لیتے کہ بدعت ہوتی کیا ہے تو یہ نص والا سوال اس طرح نہ اُٹھاتے۔

زاہد مغل: جی بالکل، ہمیں بھی یہی گلہ پے کہ بدعت بدعت کی رٹ لگانے والے اگر ایک مرتبہ اسے سمجھنے کی کوشش کرلیتے تو نصف سے زیادہ مسئلے حل ھوجاتے؛ مگر افسوس۔۔
خیر، میرے خیال میں اس طرح کے لفظی کمنٹس سے دلوں میں صرف کدورت پیدا ہوگی، لہذا میرے کسی سخت کمنٹ پر معافی عطا فرمائیں۔ والسلام

Labels:

کتاب سے تزکیہ

تجربہ شاہد ہے کہ تزکیہ نفس کے لیے کتاب سے کہیں زیادہ مفید صحبت ہے یعنی ایسے لوگوں کی صحبت کہ جن کا تزکیہ ہو چکا ہو۔
صحبت سے احوال منتقل ہوتے ہیں جبکہ کتاب سے صرف معلومات منتقل ہوتی ہیں سوائے کتاب وسنت کے کہ جو احوال بھی منتقل کرتے ہیں۔ مثلا ً جب آپ برف کے پاس بیٹھیں گے تو اس کی ٹھنڈک آپ کو پہنچے گی اور اگر آپ آگ کے گرد ہوں تو آپ تک اس کی حرارت منتقل ہو گی۔ پس اسی طرح صاحب ایمان کی صحبت میں بیٹھنے سے ایمان منتقل ہوتا ہے بلکہ ایمان کے علاوہ احوال اور کیفیات بھی منتقل ہوتی ہیں۔
اس کو یوں سمجھیں کہ ایک ہے عاجزی کے موضوع کا کتب میں مطالعہ کرنا اور ایک ہے کہ کسی ایسے شخص کی صحبت میں بیٹھنا جس میں واقعتا ًعاجزی ہو۔ اگر آپ ایسے شخص کی صحبت میں ایک عرصہ بیٹھیں اور آپ کو اس سے نسبت بھی ہو تو عاجزی کے احوال اس سے آپ میں منتقل ہوں گے۔
صحابہ کرام رضی اللہ عنہم کواپنے تزکیہ کے لیے قرآن مجید کے علاوہ جو سب سے بڑا موقع حاصل تھا، وہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم کی صحبت کا تھا۔ اور صحبت کا تزکیہ کے لیے مفید ہونا واضح امر ہے۔ یہی وجہ ہے کہ صحابہ رضی اللہ عنہم جب آپ کی مجلس سے اٹھ جاتے تھے تو اپنے ایمان کی کیفیت میں اس قدر تبدیلی پاتے کہ انہیں اپنے منافق ہونے کا شبہہ ہونے لگتا تھا ۔ 
ایک روایت کے الفاظ ہیں:
"حضرت ابو موسی اشعری رضی اللہ عنہ آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم سے نقل کرتے ہیں کہ اچھے اور برے ساتھی کی مثال ایسی ہی ہے جیسا کہ عطر (perfume) اٹھانے والے اور بھٹی میں پھونک مارنے والے کی۔ عطر والا شخص یا تو تمہیں اپنے پرفیوم میں سے کچھ ہدیہ کر دے گا یا تم اس سے کچھ خرید لو گے یا دونوں صورتیں نہ ہوں تو کم از کم اس کی خوشبو تمہیں پہنچ ہی جائے گی۔ اور بھٹی میں پھونک مارنے والا یا تو تمہارے کپڑے جلا دے گا یا یہ نہ بھی ہو تو کم از کم تمہیں اس کی بدبو ضرور پہنچے گی۔"
تزکیہ نفس اور تربیت پر لکھی گئی کتب پڑھ لینے یا تحقیقی مضامین مرتب کرنے سے تزکیہ یا تربیت نہیں ہو جاتی بلکہ اس کے لیے نیک لوگوں کی صحبت میں اٹھنا بیٹھنا بھی ضروری ہے۔
تزکیہ نفس کے موضوع پر کتابیں تو بہت سی ہیں اور سب سے اہم خود قرآن مجید ہے۔ عربی زبان اور دینی علوم میں اگر اتنی استعداد (capability) ہو کہ براہ راست قرآن مجید کی تلاوت سے اس کا مفہوم دل پر اترتا محسوس ہو تو اس سے بہتر تزکیہ کی کتاب کوئی نہیں ہے۔
(ماخوذ از تحریر: حافظ محمد زبیر)

Labels:

Sunday, June 28, 2015

تزکیہ کے شرعی ذرائع بدعت نہیں ہیں

سوال:
لوگ کہتے ہیں کہ صوفیاء نے قرآن و سنت کو چھوڑ کر تزکیے کے طریقے وضع کئے، لہذا یہ سب بدعت ہے ۔
جواب:
ان لوگوں پر واجب ہے کہ نماز کی طرح قرآن و سنت سے "تزکئے کا وہ معین و منصوص طریقہ" واضح کریں جسکی پابندی شارع علیہ السلام نے فرض نماز کی رکعتوں کی طرح اس طور پر لازم قرار دی ہو کہ اسکے علاوہ کسی دوسرے طریقے و ذریعے کی طرف التفات بھی گناہ ہو۔ اگر شارع علیہ السلام کی طرف سے ایسا کوئی معین طریقہ طے نہیں کردیا گیا، تو پھر صوفیاء کے اختیار کردہ ذرائع کو بدعت قرار دینے والے درحقیقت خود بدعت کے فتوے کی زد میں ہیں، کہ یہ شارع کی طرف ایک ایسی بات و حکم کی نسبت کررہے ہیں جسکی ماخذات دین میں کوئی اصل نہیں؛ اور اصل بدعت اسی چیز کا نام ہے۔ 
(زاہد مغل)
--------------------------------
کمنٹس

حافظ محمد زبیر: اس سے بڑی کوئی گمراہی نہیں کہ پروردگار نے تزکیہ نفس کے لیے اپنی کتاب میں کوئی منہج نہیں دیا،،، جب مثنوی معنوی سے وہ احوال پیدا کیے جائیں جو صحابہ کے ہاں قرآن سے پیدا ہوتے تھے تو ایسی سوچ تو پیدا ہو گی،،،ایسے سائل کو یہی کہا جا سکتا ہے کہ عربی اچھی ہے تو قرآن مجید پڑھ لیں، اب اس سے زیادہ تزکیہ نفس کے لیے کیا چاہیے؟؟؟ ان شاء اللہ ان لوگوں کے احوال پر ایک مستقل تحریر مرتب کروں گا کہ جو قرآنی احوال سے مزین ہیں، پھر سب سے بڑا بگاڑ تو تزکیہ نفس کے مفہوم ہی میں پیدا کر دیا گیا ہے، جس طرح خدا کا ایک تصورگھڑا گیا اسی طرح تزکیہ نفس کا بھی ایک تصور گھڑا گیا اور بلاشبہ تزکیہ کے اس عجمی تصور کے لیے عجمی ریاضتیں ہی مقصود ٹھہریں۔
 زاہد مغل: برادر، یہ کس نے کہا کہ قرآن میں تزکیے سے متعلق کوئی مواد نھیں؟ سوال تو یہ ھے کہ کیا اللہ نے کوئی ایسا فکسڈ پروگرام مرتب کرکے دیا ھے جیسا کہ پوسٹ میں کہاگیا؟ یہ سوال بالکل یوں بھی ھے کہ تعلیم کے لئے بھی قرآن نازل کیا گیا لیکن کیا تعلیم کا کوئی "فکسڈ نصاب" مقرر کرکے دیا کہ اسکے علاوہ کچھ اور پڑھنا پڑھانا ناجائز ہو؟ اگر قرآنی مقاصد کے حصول کے لئے تعلیم کے میدان میں نجانے دنیا کے کن کن ماخذات سے نکلنے والے علوم کو پڑھنا پڑھانا جائز ھے تو تزکیے کے میدان میں یہ دروازہ کس نے بند کیا؟اگر صرف قرآن کی آیات پڑھ دینے سے ہر کسی کا تزکیہ یکساں ہوجاتا ہے (گویا ہر کوئی ابوبکر (رض) کے لیول ہر فائز ہے) تو ایسے ناقدوں کو چاہیے کہ آئندہ جب کسی مولوی صاحب کی تقریر سننے جائیں تو انہیں صاف صاف کہہ دیا کریں: "مولوی صاحب یہ اپنا لیکچر بند کریں اور صرف آیات قرآن کی تلاوت فرمایں، کیونکہ ازروئے قرآن تعلیم و تزکیے کے لئے صرف قرآن نازل کیا گیا ہے"۔
ـــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــ

Labels: ,