Friday, June 26, 2015

تصوف -1 (تصوف کیا نہیں ہے؟)

1 comments
تصوف - 1
:::::::::::::
بسم اللہ جی، آئیں تشریف رکھیں۔۔ باقاعدہ لیکچر شروع کرنے سے پہلے ان طلباء کی پریشانی حل کرتے ہیں جو یہ سمجھ بیٹھے ہیں کہ پتہ نہیں کیا بلا ہے یہ تصوف۔۔ خدا جانے یہ اسلام ہے یا اسلام کے نام پر کوئی بعد کی ایجاد۔۔ وہ جسے آپ بدعت کہتے ہیں، جی ہاں وہی۔۔ جس کا ثبوت نہ قرآن سے ملتا ہے نہ احادیث و سنت سے۔۔آپ نے اسکو بدعت کیوں سمجھا اور اس سے بدظن کیوں ہوئے؟ میں بتائے دیتا ہوں۔۔ دراصل آپکا ٹاکرا آپکے معاشرے میں موجوداُن دین فروشوں سےہوا ہے جو اپنے دھندے کو تصوف کا نام دے کر آپکو ٹھگتے ہیں۔۔ موجودہ دور میں تصوف بدنامی کی حد تک بگڑ چکا ہے، وجہ اسکی یہی ہے کہ جو چیز جتنی قیمتی ہوتی ہے، مارکیٹ میں اسکی نقل بھی اسی مقدار میں موجود ہوتی ہے۔۔ ہمیں پہلے جعلی تصوف فروشوں کی دکانیں بند کرنی ہیں، تاکہ خالص اور معیاری چیز نکھر کے سامنے آئے۔۔ آئیے آپکو بتاؤں کہ کن کن باتوں کو آج 'عین تصوف' سمجھا جا رہا ہے اور ان کا بزنس زور شور سے جاری ہے۔۔حالانکہ ان میں سے کسی ایک چیز پر تصوف اسلامی کا اطلاق نہیں ہوتا۔۔ توجہ کیجئے کہ کون کونسی باتیں تصوف کا لازمہ نہیں ہیں۔۔
.
تصوف کے لئے کشف و کرامات شرط نہیں ہیں، نہ ہی دنیا کے کاروبار میں ترقی دلانے کا نام تصوف ہے۔
تعویذ گنڈوں کا نام تصوف نہیں ہے، نہ ہی جھاڑ پھونک سے بیماری دور کرنے کا نام تصوف ہے۔
مقدمات جیتنے کا نام تصوف نہیں ہے، نہ ہی قبروں پر سجدہ کرنے، ان پر چادریں چڑھانے اور چراغ جلانے کا نام تصوف ہے، اور نہ آنے والے واقعات کی خبر دینے کا نام تصوف ہے۔
اولیاء اللہ کو غیبی ندا کرنا تصوف نہیں ہے، نہ ہی انہیں مشکل کشا اور حاجت روا سمجھنا تصوف ہے۔ 
تصوف میں کشف و الہام کا صحیح اترنا لازمی نہیں ہے، نہ ہی وجد و تواجد اور رقص و سرور کا نام تصوف ہے۔
اس میں کوئی ٹھیکیداری نہیں ہے کہ پیر کی ایک توجہ سے مرید کی پوری اصلاح ہو جائے گی اور سلوک (تصوف) کی دولت بغیر مجاہدے اور بغیر اتباعِ سنت حاصل ہو جائے گی۔
یہ سب چیزیں تصوف کا لازمہ بلکہ عین تصوف سمجھی جاتی ہیں۔۔ فی الحقیقت یہ ساری خرافات اسلامی تصوف کی عین ضد ہیں۔ ۔!


دیکھا آپ نےکہ لوگوں نے کن کاموں کا ٹھیکہ لے رکھاہے، اور سادہ لوحوں کو گمراہی کی دلدل میں دھکیل رہے ہیں۔۔ آئندہ نشست میں بات ہو گی کہ ' تصوف کیا ہے؟ تصوف کو تصوف کیوں کہا جاتا ہے؟ ۔ ہمارے ساتھ رہئے۔۔!! 

(نوٹ: صرف اس پوسٹ سے متعلق کسی لفظ یا بات کی سمجھ نہ آئی ہو تو بلا جھجھک پوچھئے)
{ بحوالہ: دلائل السلوک - مولانا اللہ یار خان رحمۃ اللہ علیہ  }

1 comments:

  • March 3, 2023 at 4:46 AM
    Anonymous :

    عزیم محمد نعمان بخاری صاحب
    اسلامی علیکم ورحمۃ اللہ وبرکاتۃ
    آپ کی ویب سائڈ دیکھی بہت خوشی ہوئی ۔
    میرا ایک سوال عاجزانہ کہ پیر کی کیا کیا نشانیاں ہیں جس کا بندہ بیت ہو ۔
    جواب ارشاد فرما کر عند اللہ ماجور ہوں۔

آپ بھی اپنا تبصرہ تحریر کریں

اہم اطلاع :- غیر متعلق,غیر اخلاقی اور ذاتیات پر مبنی تبصرہ سے پرہیز کیجئے, مصنف ایسا تبصرہ حذف کرنے کا حق رکھتا ہے نیز مصنف کا مبصر کی رائے سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

اگر آپ کے کمپوٹر میں اردو کی بورڈ انسٹال نہیں ہے تو اردو میں تبصرہ کرنے کے لیے ذیل کے اردو ایڈیٹر میں تبصرہ لکھ کر اسے تبصروں کے خانے میں کاپی پیسٹ کرکے شائع کردیں۔