کہتے ہیں کہ برما کے مظلوم مسلمانوں پرپوسٹ لکھو،، تاکہ قلم کی دھار کا 'حق' ادا ہو۔۔!!
ٹھیک ہے جی لکھ دیتا ہوں ،، آپکی فرمائش کو اسلامی ایٹم بم کی زور دار سلامی۔۔!
اب دیکھنا، میں ایسے الفاظ لکھوں گا جسے پڑھ کر آپ اپنے ضبط شریف کا دامن تار تار کر دیں گے۔۔ اب پڑھنا، میں جملوں میں وہ درد بھروں گا جسے محسوس کرکے آپ چیخ اٹھیں گے۔۔میں ستم کا وہ نقشہ کھینچوں گا کہ آپکی آہوں میں کپکپاہٹ پیدا ہو جائیگی۔۔میں ظالم کو ایسی بددُعا دوں گا کہ آپ سمجھیں گے کہ بس ابھی آسمان پھٹا۔۔میں حروفِ دعا کو وہ سوز بخشوں گا کہ آپ کہیں گےکہ بس ابھی زمین ہلی۔۔پھر میں یہ 'حق' ادا کرکے آپکی آمین کے ڈونگروں کا انتظار کروں گا۔۔آپ کے ارتعاشِ قلب کی شدت سے فیس بک کی سکرین آہ وفغاں سے بھرا لاوا اُبلے گی۔۔ پھر میں اپنےاس فرض کی ادائیگی پر آپ کی سسکتی، چِلاتی، اور سینہ پیٹتی کمنٹریاں پڑھوں گا۔۔!!
تو کیا آپکی صداو اِلتجا کی آمین سے برما کے مظلومین دکھ کے سمندر سے نکل آئیں گے؟
کیا آپکے روہانسے چہرے پہ ٹپکتے آنسو روہنگیا کے ستم زدوں کو کشتئ نوح میں سوار کرا دیں گے؟
کیا آپکی ہچکیوں سے گھبرا کر موم بتی مافیا کی غیرت ہڑبڑا کر اٹھ بیٹھے گی؟
کیا آپکی نوحہ گری سے متاثر ہو کر انسانی حقوق کے علمبردار سڑکوں پر دھرنا دیں گے؟
کیا آپکی قوتِ واویلا کے زور سے بادشاہِ مملکت آل پارٹیز کانفرنس بلائیں گے؟
کیا آپکی گریہ و زاری کے شعلے اقوامِ متحدہ یا 'اوہ آئی سی' کو اپنے بِلوں سے نکال باہر کریں گے؟
اچھا،، کیا واقعی یہ سب کچھ ہو جائیگا؟؟
آپ مجھے یقین دلا دیں کہ میرے قلم کی تجلیات سے ایسی ہی ضوفشانیاں ہوں گی تو کصم سے میں تیار ہوں لکھنے پہ۔۔ اور اگر نہیں دلا سکتے تو میں اپنے قلم کو سلگتی موم بتی بنا کے فیس بک کی بے جان شفاف دیوار کو بسمل کیوں کروں؟
دیارِ غیر کے مرگ کو آپکی ننھی جان کا روگ کس لئے بناؤں؟
اپنے قلم کی پاکیزہ سیاہی سانولے برمیوں کے سرخ خون پہ کیوں نچھاور کروں؟
میرے دوست، مجھے اور بھی کئی مصروفیات ہیں۔۔ چلو شاباش جلدی سے یہ بتاؤ کہ اس ماہ ہالی یا بالی ووڈ کی کون سی نئی فلم ریلیز ہونے جارہی ہے؟ چلو کسی تھرلر مووی کا ایسا ٹریلر ہی دکھا دو جس میں انسانی اعضاء کو نہایت سلیقے سے کاٹا جارہا ہو۔۔ اور وہ بیچاری ایان علی کا کیا بنا؟ سنا ہے درزی نے اسکے نئے کپڑوں کے ناپ میں ذرا سی ڈھیل چھوڑ دی ہے۔۔اچھا، یہ سب چھوڑو،، آؤ لانگ ڈرائیو پہ چلتے ہیں۔۔ یہ سونگ سنو گے؟ مُنی بدنام ہوئی سالے تیرے لیے۔۔!!
(تحریر: محمد نعمان بخاری)
0 comments:
آپ بھی اپنا تبصرہ تحریر کریں
اہم اطلاع :- غیر متعلق,غیر اخلاقی اور ذاتیات پر مبنی تبصرہ سے پرہیز کیجئے, مصنف ایسا تبصرہ حذف کرنے کا حق رکھتا ہے نیز مصنف کا مبصر کی رائے سے متفق ہونا ضروری نہیں۔اگر آپ کے کمپوٹر میں اردو کی بورڈ انسٹال نہیں ہے تو اردو میں تبصرہ کرنے کے لیے ذیل کے اردو ایڈیٹر میں تبصرہ لکھ کر اسے تبصروں کے خانے میں کاپی پیسٹ کرکے شائع کردیں۔